متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں Dubai International Airport کے قریب ڈرون گرنے کے واقعے میں چار غیر ملکی شہری زخمی ہوگئے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں ایک بھارتی شہری کو چوٹیں آئیں جبکہ گھانا کے دو شہری اور ایک بنگلہ دیشی شہری معمولی زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کو احتیاطی تدابیر کے تحت شیشے کی کھڑکیوں سے دور رہنے اور محفوظ جگہوں پر پناہ لینے کی ہدایات دی گئیں۔
ایئرپورٹ پر موجود ایک مسافر کے مطابق ڈرون گرنے کے فوراً بعد انتظامیہ نے اعلان کیا کہ مسافر حفاظتی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے عمارت کے محفوظ حصوں میں منتقل ہو جائیں۔
حکام کے مطابق صورتحال کو فوری طور پر قابو میں لے لیا گیا اور ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز بھی ایک ڈرون ٹرمینل عمارت کے قریب آ کر گرا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی۔










