عراق میں ایران کے حمایت یافتہ ایک عسکریت پسند گروہ نے امریکی فوج کے ایک ایندھن بردار طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عراق میں سرگرم ایک عسکریت پسند گروہ، جسے ایران کی حمایت حاصل ہے، نے کہا ہے کہ اس نے امریکی فوج کے ری فیولنگ طیارے کو نشانہ بنایا۔ گروہ کے مطابق یہ کارروائی عراق کی قومی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے کی گئی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے مغربی عراق میں امریکی فوج کے KC-135 ایندھن بردار طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ دو طیاروں کے درمیان پیش آنے والے ایک واقعے کے باعث پیش آیا۔
سینٹ کام کے مطابق طیارہ گر کر تباہ ہوا تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ واقعے میں کسی قسم کی دشمن یا دوستانہ فائرنگ شامل تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں شامل دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سینٹ کام کی جانب سے طیارے کے حادثے کی تصدیق کے چند ہی منٹ بعد ایران کے سرکاری اور نیم سرکاری خبر رساں اداروں میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ امریکی طیارے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس معاملے کی حقیقت سامنے آنے کے لیے مزید تحقیقات کا انتظار کرنا ہوگا، کیونکہ ایک جانب عسکریت پسند گروہ حملے کا دعویٰ کر رہا ہے جبکہ امریکی حکام اسے حادثہ قرار دے رہے ہیں۔










